لکھنؤ،7؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے پہلے مہاگٹھ بند ھن بنانے کے بارے میں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پارٹی کے قومی صدر نیتا جی(ملائم)کا ہوگا اور اس سلسلے میں انہیں جو بھی تجویز دینی ہوگی ، وہ پارٹی فورم پر دیں گے۔اکھلیش نے کہاکہ مجھے جو بھی تجویز دینی ہوگی ، وہ میں پارٹی فورم پر دوں گا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات قریب ہیں ، اتحاد سے کسے فائدہ ہو گا، کسے نقصان، اس کو دھیان میں رکھنا پڑے گا، فیصلہ پارٹی کے قومی صدر کو لینا ہے۔اکھلیش اپنے کابینہ ساتھی گایتر ی پرساد پرجاپتی کے والد کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کرنے ان کے گھر گئے تھے، جہاں صحافیوں نے ان سے ممکنہ مہاگٹھ بند ھن کے بارے میں سوال پوچھا ۔کانگریس کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے اتحاد کے بارے میں براہ راست سوال پوچھے جانے پر اکھلیش نے ٹالتے ہوئے کہاکہ اگر ایس پی اور کانگریس اتحاد چاہتی ہیں، تو کیا آپ(میڈیا)روک لیں گے۔انہوں نے بہر حال کل کانگریس کے لیے انتخابی حکمت عملی بنانے والے پرشانت کشوراور ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے ساتھ ہوئی طویل بات چیت اور اس سے پہلے پارٹی کی سلور جینتی تقریب میں سماج وادی نظریات سے جڑی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کے بعد مہاگٹھ بند ھن بنانے کی قیاس آرائی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔غور طلب ہے کہ سماج وادی پارٹی کی سلور جینتی تقریب میں سابقہ جنتا پریوار سے الگ ہو کر وجود میں آئیں راشٹریہ جنتا دل، آر ایل ڈی اور جے ڈی یو رہنماؤں کے ایک پلیٹ فارم پر آنے اور گزشتہ 6 دنوں کے اندر پرشانت کشور کی ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے تین دور کی لمبی گفتگو کے بعد اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بہار جیسا مہاگٹھ بند ھن بنانے کے امکانات کو لے کرقیاس آرائیوں کا بازار گرم ہونا شروع ہو گیا ہے ۔
پرشانت کشور کی ایس پی سربراہ سے پہلی ملاقات یکم نومبر کو دہلی میں ہوئی تھی، جبکہ کل لکھنؤ میں بھی دونوں کے درمیان لمبی گفتگو کے بعد قیاس آرائیوں کو مزید رفتار مل گئی ہے۔حالانکہ ایس پی ابھی اس معاملے پر اپنے پتے نہیں کھول رہی ہے۔پارٹی کے صوبائی صدر شیو پال سنگھ یادو نے کل پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کی طرف سے مہاگٹھ بندھن کے بارے میں سوال کئے جانے پر کہا کہ جب اتحاد ہو جائے گا، تبھی اس بارے میں کوئی بات کی جائے گی۔غورطلب ہے کہ بہار اسمبلی کے گزشتہ انتخابات میں سماج وادی پارٹی اس وقت بنے مہاگٹھ بند ھن کا اہم حصہ تھی اور ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو اس کی قیادت سونپی گئی تھی ، لیکن انتخابات سے عین قبل ، ایس پی نے مطلوبہ تعداد میں سیٹیں نہ ملنے کا حوالہ دیتے ہوئے اتحاد سے ہاتھ کھینچ لیا تھا۔حالانکہ انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل، جے ڈی یو اور کانگریس کے مہاگٹھ بند ھن نے بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کو شکست دے کر حکومت بنائی تھی۔